انڈین پریمپئر لیگ میچ فکس کرنے کیلئے سری لنکن کھلاڑی کو 10 کروڑ دیئے : جواری کا اعتراف

ممبئی+کولمبو (نیوز ایجنسیاں) آئی پی ایل میچ فکسنگ سکینڈل میں حراست میں لئے گئے جواری نے سری لنکا کے کھلاڑی کو آئی پی ایل کا میچ فکس کرنے کےلئے 10کروڑ کی ادائیگی کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جواری سونو یوگندرا جالان عرف مالاد نے کرائم برانچ کو بتایا اس نے سری لنکا کے کھلاڑی کو آئی پی ایل کا میچ فکس کرنے کےلئے 10کروڑ کی ادائیگی کی۔ مالاد نے یہ بھی نشاندہی کی کچھ بھارتی کھلاڑی بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ کرائم برانچ کے حکام کا کہنا ہے یہ کرکٹ میں جوئے کے ایک بڑے عالمی گروہ کا حصہ ہیں۔ مزید براں ممبئی کے کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے لوکھنڈاوالا بلڈنگ پر چھاپہ مار کر چار افراد کو حراست میں لیا۔ چھاپے کے دوران ان کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ، وائس ریکارڈر، کمپیوٹر، 25 موبائل فونز اور 5.18 لاکھ روپے کی نقدی کو قبضے میں لے لیا جبکہ تمام ملزمان کو جوا ایکٹ کے تحت بند کر دیا گیا۔ سری لنکا کرکٹ نے بھارت میں جاری آئی پی ایل فائیو میں اپنے کھلاڑی کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتھا رانا ٹونگا نے کہا ہے کہ اگر ہمارے ملک کا کوئی کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث ہوتا تو بھارتی کرکٹ بورڈ ہمیں ضرور آگاہ کرتا اور گورننگ باڈی اس حوالے سے ضروری تحقیقات بھی کرتی۔ جواری سونو یوگندرا نے سری لنکن کھلاڑی کو میچ فکس کرنے کیلئے 10 کروڑ کی ادائیگی کی تاہم اس نے میچ اور کھلاڑی کا نام بتانے سے گریز کیا۔

ای پیپر دی نیشن