افغانستان میں استحکام کیلئے زرداری کو اضح پیغام دینگے: راسموسن‘پاکستان کو فی ٹرک5 ہزار ڈالر نہیں دے سکتے: پنیٹا

شکاگو (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) سیکرٹری جنرل نیٹو راسموسن کا کہنا ہے پاکستان، افغانستان میں استحکام کی کوششوں کی حمایت کرے، پاکستان کو شامل کئے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے۔ صدر زرداری سے ملاقات کے دوران واضح پیغام پہنچایا جائے گا۔ شکاگو کانفرنس کے موقع پر راسموسن صدر زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ شکاگو پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کے وزیر دفاع لیون پنیٹا نے نیٹو سپلائی کے لئے پاکستان کو 5 ہزار ڈالر فی ٹرک راہداری فیس کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے امریکہ اور اتحادی ممالک خود افغان جنگ کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہیں، نیٹو کانفرنس میں پاکستان کو ہر ممکن راضی کرنے کی کوشش کرینگے، 2014ءمیں افغانستان کو ایک دم تنہا نہیں چھوڑ سکتے، افغان جنگ جلد ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا نیٹو کانفرنس میں ہم افغانستان کے لئے نیٹو سپلائی کی زمینی بحالی کی غرض سے پاکستان سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس امکان کو مسترد کر دیا کہ پاکستان کو اس سپلائی کے لئے پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک کی قیمت ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا اتحادی ممالک خود افغان جنگ میں مالی مشکلات کا شکار ہیں، امید ہے کہ ہم نیٹو سپلائی کا معاملہ حل کر لیں گے اور کوئی متفقہ فیصلہ سامنے آئے گا۔ لیون پنیٹا نے کہا کانفرنس میں 2014ءکے آخر تک فوجی انخلا کا طریقہ کار متعین کیا جائے گا اور افغان آرمی کو جدید تربیت اور اسلحہ سے لیس کرنے پر غور کیا جائے گا۔ ہم چاہتے ہیں اتحادی افواج کے انخلا کے بعد افغان فوج اس قابل ہو کہ وہ شورشوں کا مقابلہ کر سکے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کر سکے۔ اس سلسلے میں افغان فوج کی جدید تربیت کی جائے گی اور انہیں جدید اسلحہ سے لیس کیا جائے گا۔ اتحادی ممالک اگرچہ اس حقیقت سے آگاہ ہیں لیکن پھر بھی بعض معاملات میں اختلافات پائے جاتے ہیں جنہیں ہم نے مل جل کر حل کرنا ہے۔ امید ہے فرانس مزید ڈھائی سال کے لئے اپنی فوج افغانستان میں بدستور رکھنے پر راضی ہو جائے گا، فرانس اور کینیڈا جیسے ممالک افغانستان میں آپریشن کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ہمیں حقائق کو تسلیم کرنا ہو گا کیونکہ ہم افغانستان کو ایک دم تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ اکثر اتحادی ملک افغان جنگ کی وجہ سے مالی مسائل کا شکار ہیں اور ہم اس بات کو سمجھتے ہیں۔ امید ہے ہم اتحادی ممالک سے اپنے مطالبات منوا لیں گے۔ لیون پنیٹا نیٹو سپلائی کے معاوضے پر پاکستانی حکام سے مذاکرات کریں گے۔ امریکی حکام کے مطابق نیٹو سپلائی کی بندش سے پہلے امریکی فی ٹرک تقریباً 250 ڈالر دیتا تھا۔

ای پیپر دی نیشن