موبائل وسیٹلائیٹ فون سیٹ پر سیلز ٹیکس پر نظرثانی کا فیصلہ

May 20, 2013

اسلام آباد (اے پی اے) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو (ایف بی آر) نے موبائل و سیٹلائٹ فون سیٹ پر عائد کردہ 1ہزار روپے سیلز ٹیکس پر نظر ثانی کر کے اسے کم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ جس سے ملک میں موبائل فون سستے ہونے کی توقع ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر اور موبائل فون امپورٹرز و دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان طویل مذاکرات میں موبائل فون امپورٹرز کی طرف سے موقف اپنایا گیا تھا کہ اسمارٹ موبائل فون اور سیٹلائٹ فون سیٹ کی درآمد پر سیلز ٹیکس کی شرح 250 روپے سے بڑھا کر 1ہزار روپے اور دیگر اقسام کے موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 250 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کرنے سے موبائل فون سیکڑ متاثر ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کے ساتھ اسٹیک ہولڈرز کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور ایف بی آر نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی ہے کہ اسمارٹ وسیٹلائٹ فون سیٹ پر عائد کردہ 1ہزار روپے سے کم کر کے 700 روپے تک جبکہ دیگر اقسام کے موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 500 روپے سے کم کر کے 350 تا 400 روپے تک کرنے کا جائزہ لیا جائے گا تاہم یہ تجویز آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پیش کی جائے گی اور بجٹ میں اس تجویز کو منظور کر لیا گیا تو اس صورت میں موبائل فون سیٹ پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں