ہارون آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ ضیا کے سربراہ و نومنتخب رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 191 اعجازالحق نے اپنے حلقہ انتخاب ہارون آباد کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اورقائد مسلم لیگ (ن) و متوقع وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے درمیان قومی و سکیورٹی معاملات کے حوالہ سے ہونے والی ملاقات خوش آئند ہے، اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایسی ملاقاتیں پہلے خفیہ ہوتی تھی اب اچھی بات ہے کہ ظاہر ہوئی ہے، حقائق کو تسلیم کر لینا ہی دانشمندی ہے، انہوں نے کہاکہ حالیہ الیکشن میں حلقہ این اے 190 چشتیاں میں دھاندلی سے متعلق دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرانے کے لئے الیکشن کمشن آف پاکستان سے رجوع کر لیا ہے۔ اعجازالحق نے کہا لوڈ شیڈنگ کے ملک گیر عذاب سے عوام سمجھ رہے ہیں کہ نگران سیٹ اپ بھی زرداری راج ہی کا تسلسل ہے، جس کے خلاف اگلے دنوں میں میں اپنے حلقہ انتخاب ہارون آباد، چشتیاں، فورٹ عباس میں عوامی احتجاج کی خود قیادت کروں گا۔