چمن ( اے پی پی) چمن سے اغواءہونے والے سرجن ڈاکٹر مبشر احسن کی رہائی کے بعد اغواءکاروں نے 4کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ بات مغوی ڈاکٹر مبشراحسن کی اہلیہ بی بی سکینہ مبشر نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چمن پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ سرجن ڈاکٹر مبشر احسن کو 27اپریل کو چمن سے نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے سامنے سے اغواءکر لیا تھا جنہیں تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ ڈاکٹڑ مبشر شوگر کے مریض ہیں، ان کی زندگی کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اغواءکاروں نے فون کرکے ڈاکٹر مبشر احسن کی رہائی کیلئے 4کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے، اتنی بڑی رقم ہم ادا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈاکٹر مبشر احسن کی بحفاظت بازیابی کیلئے مقامی انتظامیہ کو احکامات جاری کریں۔