سپیکر سویڈش پارلیمنٹ وارکان کی قائم مقام صدر ایاز صادق، اسحاق ڈار سے ملاقاتیں

May 20, 2014

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی+ اے پی پی) سویڈن کی پارلیمنٹ کے سپیکر پروسٹر برگ نے دیگر ارکان کے ہمراہ قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی وپارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام صدر نیئر حسین بخاری نے  کہا کہ دہشت گردی کے کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، یہ جنگ صرف ہماری نہیں عالمی امن اور سلامتی بقا کی جنگ ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس لعنت سے چھٹکارے کیلئے پاکستان کی مدد کرے، پاکستان سویڈن کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انہتائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو تجارتی و اقتصادی اور پارلیمانی سطح پر مزید مستحکم کیا جائے۔ سویڈن کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیںتاکہ عوام کی بھلائی کیلئے کام کیا جاسکے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کیلئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر سویڈن کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے پہلے وفد کے رہنما نے کہا کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور تجارتی روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر نیئر حسین بخاری کو سویڈن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت، اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے درمیان مسلسل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سویڈش پارلیمنٹ کا پارلیمانی سفر 6 سو سال پر محیط ہے اور پاکستانی اراکین پارلیمنٹ سویڈن کے پارلیمانی تجربات سے بہت زیادہ مستفید ہو سکتے ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے۔ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے معیشت کی بحالی اور بیرونی تجارت کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی کی پیداوار، تیل کی تلاش، تجارت اور تعمیری ڈھانچے کی بحالی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر موقع موجود ہیں جن سے سویڈن کی بزنس کمیونٹی مستفید ہو سکتی ہے۔ سویڈن کی پارلیمنٹ کے سپیکر مسٹر پروسٹربرگ نے کہا کہ سویڈن پاکستان کو قریبی دوست اور معاشی شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں موجود وافر اقتصادی مواقعوں سے آگاہ ہے اور پاکستان میںسرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے سپیکر کوسویڈن کی طرف سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالنے کے بعد سنگین اقتصادی مسائل اور میکرو اکنامک عدم توازن کا سامنا تھا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے گذشتہ دس ماہ کے دوران اختیار کی گئی اقتصادی پالیسیوں کے ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ شرح نمو میں اضافہ جبکہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں یورو بانڈ کے کامیاب اجراء اور تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی شفاف نیلامی کے نتیجے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود سیکرٹری امو ڈویژن نرگس سیٹھی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
سویڈش پارلیمانی وفد

مزیدخبریں