اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) وفاقی وزارت خزانہ نے الیکشن کمشن سے بلدیاتی انتخابات کی مد میں جاری کئے گئے تین ارب روپے واپس مانگ لئے ہیں دوسری جانب الیکشن کمشن نے واپسی سے معذرت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اسے پہلے ہی نادرا کو 45کروڑ اور پاک فوج کو 31کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ کراچی میں ووٹروں کی گھر گھر تصدیق کی مد میں بھی 18کروڑ روپے کے اخراجات آئے جو ابھی ادا کرنا باقی ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ نے الیکشن کمشن خط لکھا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی مد میں جاری کی گئی رقم واپس کی جائے، عام انتخابات کے بقایاجات الگ جاری کئے جائیں گے۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کے مطابق کمشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائیگا کہ وزارت خزانہ کو یہ فنڈز واپس کئے جائیں یا نہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمشن کو ڈیڈ لائن دی جا چکی ہے کہ 15نومبر تک ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں۔