کراچی(نیوز ایجنسیاں) کراچی ایئر پورٹ پر اسلحہ سمیت پکڑے جانے والے امریکی شہری اور ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس کیخلاف مقدمہ خارج کر دیا ہے۔ اسلحہ بر آمد کیس کی سماعت پیرکو ملیرکورٹ میں ہوئی، اس موقع پر ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس خود بھی عدالت میں موجود تھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سماعت کے دوران ایف بی آئی ایجنٹ جوئل کاکس سے متعلق پولیس نے حتمی چالان جمع کرایا۔ جوئیل کاکس کے وکیل بیرسٹر زاہد نے کہاکہ جوئیل کاکس خصوصی مشن پر ہے اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے اور اسلحے کا غلط استعمال ثابت بھی نہیں ہوا ہے، عدالت میں امریکی سفارت خانے کا خصوصی خط بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے امریکی سفارت خانے کا خط وزارت داخلہ سے تصدیق کرانے کا حکم دے دیا جہاں محکمہ داخلہ سندھ نے امریکی سفارت خانے کے خط کی توثیق کردی جس کے بعد عدالت نے شواہد نہ ہونے کے باعث مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے جوئیل کاکس کی قبضے میں لی گئی اشیاء بھی واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ ایف بی آئی کے ایجنٹ کو کراچی ایئرپورٹ پر ہتھیار رکھنے پر گرفتار کیا گیا تھا جوئیل کاکس کے سامان سے 9 ایم ایم پستول 6 میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔ بعد میں عدالت نے 10لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد جوئل کاکس کو آرٹلری تھانے سے رہا کردیا گیا تھا۔ واشنگٹن میں امریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ ایف بی آئی کے اس ایجنٹ کا تقرر میامی فیلڈ آفس میں کیا گیا تھا، اور یہ پاکستان میں اپنی عارضی ڈیوٹی پر تھا۔علاوہ ازیں ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس کا مقدمہ خارج ہونے پر امریکہ کی ناراضی ختم ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکہ نے سندھ پولیس کیلئے تربیتی کورسز بحال کر دئیے۔ جوئیل کاکس کی گرفتاری کے باعث کورسز معطل کر دئیے گئے تھے۔ تربیتی کورسز کیلئے امریکہ کی نئی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔ کورسز کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔ علاوہ ازیں ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس غیرملکی پرواز سے دبئی چلا گیا جہاں سے امریکہ جائیگا۔
اسلحہ برآمدگی کیس، کراچی کی عدالت نے امریکی ایجنٹ کیخلاف مقدمہ خارج کر دیا ، جوئیل دبئی پہنچ گیا
May 20, 2014