بگٹی قتل کیس: مشرف پھر پیش نہ ہوئے‘ 16 جون کو ہر صورت حاضر ہوں: عدالت

May 20, 2014

کوئٹہ (ایجنسیاں) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں مشرف کی حاضری سے ایک روز استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر 16 جون کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ بگٹی قتل کیس کی سماعت جج طارق انور کاسی نے کی۔ سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاو اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی اور پرویز مشرف کے دو ضامن عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ضامنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ پیشی پر سابق صدر کی حاضری یقین بنائیں۔ مشرف وکیل کی جانب سے طبی بنیاد پر ایک روز کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ اکبر بگٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق صدر سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ٹال مٹول سے کام لیکر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔ استثنٰی کی د رخواست مسترد کی جائے۔ آفتاب شیرپاؤ اور میر شعیب نوشیروانی کی جانب سے کیس سے بریت کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ مقدمے میں پرویز مشرف کی پانچ بار پیشی کے آرڈر جاری کئے جا چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں اکبر بگٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے ابھی تک مقدمے کے دیگر ملزموں شوکت عزیز اور اویس غنی کی گرفتار نہیں کیا۔ یاد رہے کہ مشرف اب تک اس مقدمے میں ہونیوالی کسی بھی سماعت کے موقع پر پیش نہیں ہوئے۔ سپریم کورٹ نے سابق صدر کی ضمانت منظور کر رکھی ہے جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اس کیس کی سماعت اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔

مزیدخبریں