اسلام آباد (آن لائن) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہ عمران خان کے پی کے کو ریموٹ کنٹرول کی طرح چلا رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کرکٹ ڈپلومیسی سے کوئی فائدہ نہیں ہوا، منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن نے عمران خان کو جو نوٹس جاری کیا ہے وہ درست ہے ہم نے بھی الیکشن کمشن کو اس سلسلے میں درخواست دے رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے حکومت کو ریموٹ کنٹرول کی طرح چلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کی طرف سے دھاندلی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اگر اپنی جماعت پر اعتماد ہے تو وہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جلسے جلوس کیوں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی غریب لوگوں پر لگایا جارہا ہے جبکہ سرمایہ کاروں پر نہیں لگایا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف سڑکیں بنانے پر زور دے رہی ہے جبکہ اصل مسائل پانی، صحت اور بجلی جیسے ہیں جو حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
عمران خان کے پی کے کو ریموٹ کنٹرول کی طرح چلا رہے ہیں: آفتاب شیر پائو
May 20, 2015