سنٹرل جیل فیصل آباد میں ایک مجرم کو آج، 4 کو کل پھانسی دی جائیگی

May 20, 2015

فیصل آباد/ گجرات/ گوجرانوالہ / قصور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) سنٹرل جیل فیصل آباد میں مقدمہ قتل کے ایک مجرم کو آج، 4کو کل تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ گجرات جیل میں بھی ایک مجرم کو کل پھانسی دی جائیگی۔ گوجرانوالہ میں مقتول کے ورثا کے معاف کرنے پر ایک مجرم کی پھانسی عین وقت پر روک دی گئی۔ تفصیل کے مطابق عدالت نے سنٹرل جیل فیصل آباد میں سزائے موت کے تین ملزمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے۔ ایک کو آج، دو کو کل تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ جیل ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی ذوالفقار نے 2000ء میں ٹیکسی ڈرائیور ارشد کو قتل کیا تھا جس کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ تھانہ صدر کے علاقے میں شوکت مسیح نے ندیم مسیح کو قتل کیا تھا جبکہ تھانہ ترکھانی کے علاقے میں 1998ء میں عابد نے یٰسین کو قتل کیا تھا ان دنوں ملزمان کو کل تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں تھانہ کڑیانوالہ کے مقدمہ قتل کے مجرم محمد اقبال کو کل صبح تختہ دار پر لٹکا دیا جائیگا۔ قصور میں قتل کے مجرم امجد کو بھی کل پھانسی دی جائیگی۔ امجد نے ساتھیوں کے 1988ء میں خلیل کو قتل کیا تھا۔ علاوہ ازیں سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں مقتول کے ورثاء نے خون معاف کر کے مجرم کی پھانسی عین وقت پر رکوا دی۔ گذشتہ روز علی الصبح مقدمہ قتل کے مجرم محمد اکرم کو تختہ دار پر لٹکایا جانا تھا۔ مجرم کی سزا پر عملدرآمد کیلئے اسے پھانسی گھاٹ منتقل کیا گیا جہاں پر مقتول کی بیوی اور بیٹیوں نے مجرم کو معاف کر دیا جس پر جیل انتظامیہ نے پھانسی پر عملدرآمد روک دیا۔

مزیدخبریں