اسلام آباد ( آئی این پی ) پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا جبکہ رکن کمیٹی جنید انوار چوہدری نے کہا کہ سیکرٹری نے اجلاس میں نہیں آنا تھا تو پیشگی اطلاع دیتے، بیوروکریسی کمیٹی کو اس قابل ہی نہیں سمجھتی کہ وہ پیشگی بتائیں، وزیراعظم کابینہ کا اجلاس کررہے ہوں تو بھی پی اے سی اے کو پیشگی آگاہ کیا جاتا ہے، بیوروکریسی اپنے آپ کو پارلیمان سے بالاتر نہ سمجھے، اجلاس میں وزارت خارجہ کے مالی سال 2013-14 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا جبکہ آڈٹ حکام نے انکشاف کیاکہ 46 لاکھ روپے استحقاق سے زیادہ لینے والے وزارت خارجہ کے 67 افسروں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ کمیٹی نے تمام آڈٹ اعتراضات موخر کر دیئے۔ ایک آڈٹ اعتراض میں بتایا گیا کہ بیرون ملک میں مشنز میں 37 لاکھ روپے دانتوں کے علاج پر لگا دیئے جس پر رکن کمیٹی میاں عبدالمنان نے کہا کہ ڈینٹل ٹریٹمنٹ تو پارلیمان کو نہیں ملتی چاہے پارلیمنٹرین کے سارے دانت ہی کیوں نہ نکل جائیں۔