زرداری کی تلخ باتیں، سنجیدہ سیاسی، صحافتی حلقے حیران

May 20, 2015

لاہور (سید شعیب الدین سے) سابق صدر زرداری نے عسکری اداروں کے حوالے سے تلخ و ترش باتیں کھل کر کہہ ڈالیں، زرداری جو سخت باتوں کو بھی مسکرا کر ٹال دیتے اور پاکستان کے ایک بیحد دھیمے مزاج کے سیاستدان کی شہرت رکھتے ہیں، اچانک پھٹ پڑے تو سنجیدہ سیاسی اور صحافتی حلقوں کو اچنبھا ہوا مگر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت بیحد مجبوری کے عالم میں اس نوبت کو پہنچی ہے۔ ان ذرائع کا کہنا تھا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے جبکہ آزاد ذرائع کا کہنا تھا کہ زرداری اسی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین ہیں جس کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو نے فوج سے معاملات طے کئے تھے اور بینظیر بھٹو این آر او کے ذریعے ہی ملک واپس آ سکی تھیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کی ملک میں واپسی اور اقتدار تک رسائی فوج کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ زرداری نے 5 سال ایوان صدر میں گزارے اور مشکل حالات میں بھی ’’صبر شکر‘‘ سے گزارا کرتے رہے۔ الیکشن میں پارٹی کی بدترین شکست کے بعد بھی اس طرح کے الفاظ ان کے لبوں پر نہیں آئے تھے۔ اب جبکہ سندھ میں گورنر راج لگائے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں اور کراچی میں امن عامہ کی ہر گزرے دن کے ساتھ صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے تو اس کا ذمہ دار بھی پی پی پی کی حکومت کو ہی ٹھہرایا جا رہا ہے۔ کچھ سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ریاستی ادارے چارج شیٹ تیار کر رہے ہیں اور یوں ایک دن پیپلز پارٹی کی حکومت کو سندھ سے چلتا کردیا جائے گا۔ زرداری جنہوں نے اپنے پانچ سالہ عہد حکومت میں عسکری اداروں کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم سے بہت سے اہم فیصلے کئے وہ شاید یہ جان گئے ہیں کہ فوجی قیادت میں تبدیلی کے بعد شاید اب ان کی پارٹی کی باری ہے اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے بات کی گئی تو نوید چودھری نے کہا کہ جس انداز سے پیپلز پارٹی کی حکومت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کے اثرات ایسے ہی سامنے آئیں گے۔ اگر کامیابی کا سہرا ’’وہ‘‘ اپنے سر لیتے ہیں تو ناکامی کی ذمہ داری بھی شیئر کریں۔ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر اور اشرف سوہنا نے کہا کہ سندھ میں ایم کیو ایم کا گند فوجی آمروں نے ڈالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب کور کمانڈر کا یہ کہنا کہ سارا قصور سیاسی قیادت کا ہے جس کی وجہ سے کراچی کا گند صاف نہیں ہو رہا تو اس سے بہتر تھا کہ وہ یہ بھی بتاتے کہ ہم نے اور پرویز مشرف نے ایم کیو ایم کا پودا لگایا اور پروان چڑھایا۔

مزیدخبریں