مردان + ژوب + ماشکے (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) مردان کے علاقے تمبولک میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ ژوب اور ماشکے میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز مردان کے علاقے تمبولک میں انسداد پولیو ٹیم پر ایک حملہ آور کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے۔ حملے میں پولیو ٹیم کے ارکان مکمل طور پر محفوظ رہے ہیں۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر مینگورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔ سپیشل فورس کا اہلکار احسان اللہ کاروباری مرکز تاج چوک میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے ژوب میں جمازئی کے پہاڑی علاقوں میں آپریشن کیا جس کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ٹھکانوں پر شیلنگ کرکے دو ٹھکانے تباہ کردیئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے دو خودکش جیکٹس، سیٹلائٹ فونز، دستی بم اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ ادھر ایف سی نے مشکے میں آپریشن کیا جس سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایف سی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 45 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں افغان مہاجرین بھی شامل ہیں۔ نمائندگان کے مطابق فیصل آباد، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ادھر تحصیل ٹل کے علاقہ سپین ٹل میں سڑک کے کنارے نصب شدہ بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی مردان ڈویژن نے مردان کے نواحی علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 25 لاکھ تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا مغوی بازیاب کرا لیا ہے اور دو ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں تربت کے علاقے تمپ میں ایف سی کیمپ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دو راکٹ آبادی میں گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں تربت کے علاقے تمپ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے راکٹ شہری آبادی میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
مردان: پولیو ٹیم پر فائرنگ ، جوابی کارروائی، حملہ آور ہلاک: مینگورہ میں اہلکار شہید: ژوب، ماشکے میں 5 دہشت گرد ہلاک
May 20, 2015