اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ ڈینیل فیلڈمین نے قومی سلامتی اور خارجہ امور کیلئے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سرتاج عزیز سے ملاقات میں پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی صورتحال کا احاطہ کیا گیا۔ سرتاج عزیز نے دفاع، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کو درست سمت میں پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور افغانستان سے پاکستان کے تعلقات میں بہتری اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی موجودہ حیثیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سفیر ڈینیل فیلڈمین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بیخ کنی کی کوششوں میں پاکستان کی قربانیوں اور اب تک کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ امریکی نمائندہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ سفیر فیلڈمین نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ڈینیل فیلڈمین نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ساتویں جائزہ کی کامیابی پر وفاقی وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان کی کامیابیوں کا عکاس ہے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کے لئے مالی وسائل کی فراہمی کے انسداد کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی نمائندے کی سرتاج عزیز ، اسحاق ڈار، جنرل راحیل سے ملاقاتیں، دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کی تعریف
May 20, 2015