لاہور+کوئٹہ(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر+بیور و رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اعتراف کیا ہے کہ انڈر 19ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میرٹ پر نہیں بنائی گئی تھی، آئندہ ٹیموں کی سلیکشن میں کوئی کوتاہی برتی گئی تو سخت کارروائی کریں گے، اب فٹنس کے معاملے پر کسی بھی کھلاڑی کو رعایت نہیں ملے گی، فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا، بلوچستان میں ریجنل اکیڈمی بنائیں گے۔ ٹیم میں اس وقت مصباح الحق کے علاوہ کوئی گریجوایٹ کھلاڑی موجود نہیں لہذا آئندہ پڑھے لکھے لڑکے قومی ٹیم میں شامل کئے جائیں گے۔ اب فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ کیلئے مدثر نذر سے بہتر کوئی اور شخصیت نہیں تھی،سلیکشن کمیٹی میں بلوچستان کا بھی نمائندہ شامل کرینگے ۔جبکہ آئندہ بلوچستان کو ہر ایونٹ میں شامل کیا جائیگا۔ اگر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آگئی تو کوئٹہ میں بھی میچز کرائے جائیں گے۔