قرض کی رقم حکمرانوں کے بیرون وملک اکائونٹس می گئی فضل الرحمن عالم ہوتے تولوگ ڈیزل کے نعرے نہ لگاتے :عمران

May 20, 2016

بھمبر + فیصل آباد (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، وزیراعظم نوازشریف نے پانامہ لیکس پر 3بار قوم سے خطاب کیا لیکن انہوں نے صرف طوطا مینا کہانی کے علاوہ کچھ نہیں بتایا، حکمران بتائیں تین سال میں پانچ ہزار ارب روپے کا لیا گیا قرضہ کہاں گیا، نواز شریف کو حکومت بچانے کیلئے فضل الرحمان کی ضرورت پڑ گئی ہے تو مطلب میاں صاحب آپکے حالات بہت برے ہیں، مولانا اسلام کے نام پر سیاست کرتے اور ضمیر کے نام پر ڈیزل بیچتے ہیں، آزادکشمیر کے عوام تبدیلی کیلئے ہمارا ساتھ دیں گے۔ بھمبر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ تحریک انصاف کامیاب ہو گی تو تبدیلی آئیگی جب تک آپ خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہیں کرینگے تبدیلی نہیں آسکتی۔ پاکستان کا پیسہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے جس کے باعث ملک میں ترقی نہیں ہو رہی پچھلے پانچ برس میں نواز شریف نے پانچ ہزار ارب روپیہ قرضہ لیا ملک کے اندر نہ تعلیم، نہ بجلی اور نہ ہی ترقی ہوئی جبکہ سارا پیسہ حکمرانوں کے اکائونٹس میں گیا ہے جس سے انہوں نے لندن میں بڑے بڑے فلیٹس خریدے نواز شریف حکومت نے سب سے زیادہ پیسہ بجلی بنانے میں لگایا اور بجلی کی چوری بھی سب سے زیادہ انہی کے دور میں ہوئی بجلی کا وزیر کرپٹ آدمی ہے وزراء سمیت اوپر سے لیکر نیچے تک سب چوری کرنے پر لگے ہوئے ہیں چوری کوئی کرتا ہے اور مہنگائی کے ذریعے اس کا بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے مولانا فضل الرحمان اگر اسلام کا عالم ہوتے تو وہ اسلام اور علماء کی عزت بڑھاتے، انہیں اللہ کی طرف سے ذلت مل رہی ہے وہ واقعی عالم ہوتے تو لوگ ڈیزل ڈیزل کے نعرے نہ لگاتے وہ نواز شریف کے وکیل بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بقول پاکستان کے کرپشن کے دو سو ارب ڈالر سوئٹزرلینڈ میں پڑے ہیں وہ واپس نہیں لائے جا رہے۔ جس ملک کا وزیراعظم کرپٹ ہو اس کے ادارے بھی کرپٹ ہو جاتے ہیں اوپر سے لے کر پٹواری تک ہر طرف کرپشن ہے۔ آئی ایم ایف سے قرضے لے کر عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں قرضے اپنے لیے اور بوجھ عوام کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں۔ نواز شریف کی بیٹی مریم کی بھی آف شور کمپنیاں اور فلیٹس سامنے آ گئے ہیں۔ کشمیر میں کرپشن ختم کریںگے نیب آزاد ہو گا ہر شخص کا بلاتفریق احتساب ہو گا خیبرپی کے جیسا بلدیاتی نظام لائیںگے جس میں عوام خود مختار ہوںگے۔ آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر ملک کو گروی رکھ دیا گیا۔ قرضے کا پیسہ حکمرانوں کے بیرون ملک اکائونٹ میں گیا۔ بجلی چوری کی قیمت عوام مہنگی بجلی لے کر ادا کرتے ہیں۔ کرپشن کی قیمت کا پیسہ عوام کی جیب سے نکل رہا ہے جب میں ڈیزل کا نام لیتا ہوں، مولانا فضل الرحمان کی آواز لگ جاتی ہے۔ اب میں فضل الرحمان کو مولانا نہیں کہوں گا۔ حکمران پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں اور اسمبلی میں آکر جھوٹ بولتے ہیں۔ امریکہ سے نواز شریف کے فرنٹ مین نے 33 ملین ڈالر نواز شریف کو بھیجے۔ ملک کا وزیراعظم اسمبلی میں کہہ رہا ہے کہ 2005ء میں لندن میں فلیٹ لئے ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ اس سے 10سال پہلے فلیٹ لئے۔ میاں صاحب نے الیکشن کمشن، نادرا اور نیب کے لوگوں کو خریدا ہوا تھا۔ ڈیزل کے پرمٹ پر ضمیر بیچ دیا جاتا ہے۔ کشمیر میں سب سے پہلے کرپشن ختم کریں گے۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنی مرضی و منشاء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ پاکستان میں بھی پانامہ لیکس کے بعد اب کرپشن کے خلاف تحقیقات کا دروازہ کھل گیا ہے اس سے جو کرپٹ لوگ ہیں ان سے نجات حاصل ہو گی۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں عمران خان نے کسانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ پاکستان سے زراعت اور کسان دونوں کا خاتمہ چاہتی ہے۔ پی ٹی آئی ہر سطح پر کسانوں کی آواز بنے گی۔ وہ محنت کش کسان کی کمر توڑنے والوں کا محاسبہ کریںگے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کا جلسہ آج اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں ہو گا۔ عمران خان خطاب کریں گے اس سلسلے میں جلسہ گاہ میں خواتین کی سکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ آج جلسہ میں پیپلز پارٹی کو چھوڑنے والے رہنما راجہ ریاض پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

مزیدخبریں