ایف 16 کی فنڈ نگ روکنے پرتحفظات ہیں معاملات طے کئے جائیں:نثار

May 20, 2016

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیٹ نیوز) افغانستان کے لئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کی ہیں۔ رچرڈ اولسن نے خطے کی سکیورٹی، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ کیا۔ رچرڈ اولسن نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں نے دہشت گردی کیخلاف کوششوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس سے پہلے رچرڈ اولسن نے امریکی سفیر کے ہمراہ وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کے معاملے پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اولسن نے کہا کہ کچھ مسائل کے باوجود امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اولسن نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور اولسن سے گفتگو میں چوہدری نثار علی خان نے واضح کیا کہ پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات ہیں، اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں۔ ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، خطے کی مجموعی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات ہیں اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں۔ پاکستان امریکہ سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات میں مزید وسعت چاہتا ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطۂ نظر اور اسکی خودمختاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ اولسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کی قدر کرتا ہے۔ کچھ مسائل اور مشکلات کے باوجود امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اسے مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے امن کی خاطر مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور امریکہ نے تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تین جون کو نیویارک میں ہونیوالی کاروباری مواقع کانفرنس میں دونوں ممالک کے تاجروں کی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ امریکی ایگزم بنک کی طرف سے پاکستان میں ایل این جی پر چلنے والے 3600 میگاواٹ پاورپلانٹ کیلئے مالی وسائل فراہم کرنے سے دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اولسن نے آئی ایم ایف کے ساتھ گیارہویں جائز ے کی کامیاب تکمیل پر وزیرخزانہ کو مبارکباد پیش کی۔ اور کہاکہ یہ قابل ذکر کامیابی ہے یہ اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستانی حکومت اصلاحات اوراقتصادی استحکام کیلئے پرعزم ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانیوالا اصلاحاتی پروگرام پاکستان کا اپنا تیار کردہ ہے اور حکومت جہاں بھی ضرورت ہوئی مستقبل میں اقتصادی اصلاحات کے عمل کوآگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ امریکی خصوصی نمائندے نے اسحاق ڈار کونیو یارک میں تین جون کو ہونیوالی پاکستان امریکہ کاروباری مواقع کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اور دونوں ممالک کے تاجروں نے کانفرنس کے حوالے سے بھرپور دلچسپی کااظہار کیا ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ اس طرح کی کانفرنسز سے پاکستان امریکہ کاروباری اور تاجر برادریوں کے ارکان کو براہ راست روابط کاموقع میسرآئے گا وہ مشترکہ اقدامات اور شراکت داری قائم کرسکیں گے۔ انہوں نے بجٹ سے متعلق تیاریوں میں مصروفیت کی وجہ سے ذاتی طورپر کانفرنس میں شرکت سے معذرت کی۔ اسحاق ڈار اور اولسن نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت اور گہرائی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ کے ایگزم بنک کی طرف سے پاکستان میں ایل این جی پر چلنے والے 3600 میگاواٹ پاور پلانٹ کیلئے مالی وسائل فراہم کرنے سے دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ملاقات میں امریکی سفارتخانے اور وزارت خزانہ کے حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں