قاہرہ‘ واشنگٹن‘ کابل (اے ایف پی+ آن لائن+ بی بی سی+نمائندہ خصوصی) مصری ائر لائن کا طیارہ پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملہ سمیت 66 افراد ہلاک ہوگئے جس کا ملبہ یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب مل گیا ہے مصری وزیر ایوی ایش شریف فتح کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی ہونے کا زیادہ امکان ہے تاہم تکنیکی خرابی کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں یہ بات مصری وزیر نے طیارے کا ملبہ ملنے سے قبل کہی تھی۔ جہاز میں 15 فرانسیسی‘ 30 مصری‘ دو عراقی جبکہ برطانیہ‘ بلجیئم‘ پرتگال‘ چاڈ‘ سوڈ ان‘ الجزائر‘ کینیڈا‘ کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ سفر کر رہا تھا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مصری ایئر لائن کی پرواز ایم ایس 804 نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے اڑان بھری لیکن مصر کی حدود میں داخل ہونے سے 10 میل دور ہی بحیرہ روم کے اوپر سے جہاز راڈار سے غائب ہو گیا اور کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا جس پر مصر کے وزیراعظم انجینئر شریف اسماعیل نے طیارہ لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔ امریکی بحریہ نے تباہ ہونیوالے مصری جہاز کے ملبہ کی تلاش میں مدد کیلئے طویل رینج کے پی۔3 اورین سرویلنس طیارے تعینات کر دئیے۔دوسری جانب آذربائیجان کی سلک وے ایئرلائنز کا طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوج کے ترجمان نے بتایا صوبہ ہلمند میں واقع ایک ملٹری ایئرپورٹ کیمپ ڈیوئر سے ٹیک آف کرتے ہی مذکورہ طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ ترجمان کے مطابق طیارے میں 9 افراد سوار تھے جن میں سے 7 ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کو طبی امداد کے لیے قندھار ائرفیلڈ منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس کا بی 52 بمبار طیارہ بحر الکاہل میں واقع گوام جزیرے میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم عملے کے 7 ارکان طیارہ حادثے میں محفوظ رہے۔ حادثہ انڈرسین ائرفورس بیس پر صبح ساڑھے 8 بجے کے قریب پیش آیا، جب ٹیک آف کرتے ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔ امریکی فضائیہ کے مطابق بی 52 بمبار طیارہ شمالی ڈیکوٹا سے بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام میں تعینات کیا گیا تھا۔ ادھر امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن ور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں نے طیارے کے غائب ہونے پر کہا تھا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ لگتا ہے ہیلری کلنٹن نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے واقعہ کو دہشت گردی ہونے کا امکان ظاہر کیا جبکہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ لگتا ہے ہیلری کا کہنا تھا کہ فی الحال تعینات کے بعد اصل صورتحال واضح ہوگئی۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصبا نے مصری طیارہ تباہ ہونے پر مصر کے صدر السیسی سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
مصری طیارہ سمندر میں گرکر تباہ 66 افراد ہلاک :زیادہ امکان دہشت گردی کا ہے :حکومت
May 20, 2016