گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کا شارٹ فال 3550 میگاواٹ تک پہنچ گیا، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے صوبے میں رواں ہفتے گرمی کی شدید لہر کا الرٹ جاری کر دیا، پنجاب کے کچھ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کا شاٹ فال3550 میگاواٹ تک جا پہنچا، ترجمان وزارت پانی و بجلی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کی طلب 18300 میگاواٹ جبکہ پیداوار 14750 میگاواٹ ہے، ملک بھر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، پن بجلی سے 4850 میگاواٹ اور تھرمل پاور پلانٹ سے 9900 میگاواٹ جبکہ ونڈ بجلی سے 175میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، شہروں میں 6 جبکہ دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے صارفین سے بھی بجلی کی بچت کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔ دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے رواں ہفتے گرمی کی شدید لہر کا الرٹ جاری کر دیا، الرٹ میں کہا گیا کہ پنجاب کے زرعی میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، پنجاب میں دن کے وقت درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کرے گا، پنجاب کے کچھ میدانی حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، عوام خشک اور گرم موسم کی وجہ سے ہیٹ سٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے ‘ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان بھی ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواو¿ں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوگا۔ سب سے زیادہ گرمی لاڑکانہ میں پڑے گی جہاں کا درجہ حرارت باون سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ لیاقت آباد سب ڈویژن آفس کے دروازے اور شیشے توڑ کر سامان کو آگ لگا دی۔ عملہ دفتر چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔ پیکو روڈ کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ چار دنوں سے روزانہ کم ازکم سولہ سولہ گھنٹے بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔ پولیس دو مظاہرین کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر تھانے لے گئی۔
ملک کے کسی حصے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی : وزارت پانی وبجلی
وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ۔ترجمان وزارت پانی و بجلی نے اپنے بیان میں کہا ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی تاہم ملک میں بجلی کی قلت 3ہزار 350میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے ۔بیان میں کہا گیا اس وقت شہروں میں 6جبکہ دیہا ت میں 8گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ بجلی کی طلب 18ہزار 300اور پیداوار 14ہزار 900میگا واٹ ہے ۔