کراچی، ٹیکساس ، لاہور (غزالہ فصیح+ صباح نیوز+ خبرنگار) پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ‘ امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی سکول میں ہونیوالی فائرنگ میں جاں بحق‘ 17 سالہ سبیکا عزیز سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت کینٹکی کے سکول میں 10 ماہ سے زیرتعلیم تھیں۔ 10 جون کو پروگرام کی تکمیل کے بعد انکی وطن واپسی تھی۔ فائرنگ میں سبیکا کی ہلاکت کی تصدیق کے بعدکراچی میں انکی رہائش گاہ پر کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ غم سے نڈھال‘ ہونہار طالب علم سبیکا کی حادثاتی وفات پر ہر آنکھ پرنم۔ مرحومہ کے تایا جلیل شیخ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سبیکا جسد خاکی پیر یا منگل کو کراچی پہنچے گا۔ سبیکا نہایت ذہین اور محنتی طالبہ تھیں وہ ہمیشہ کلاس میں پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرتی تھیں۔ سبیکا کراچی پبلک سکول میں او لیول کی طالبہ تھیں، گذشتہ برس 21 اگست کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے یوتھ ایکسچینج اینڈ سٹیزن سکالرشپ پروگرام (YES) کے تحت انہیں امریکہ میں تعلیم کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ امریکی پروگرام کیلئے 6 ہزار پاکستانی طلبہ میں سے75 کو منتخب کیا گیا تھا اور سبیکا ان میں سے ایک تھیں۔ وہ ٹیکساس کے شہرکینٹکی کے سانتافی ہائی سکول میں زیرتعلیم تھیں۔ سبیکا اپنے والدین کی سب سے بڑی اولاد تھیں، انکی د و چھوٹی بہنیں اور ایک بھائی ہیں۔ غم سے نڈھال سبیکا کی والدہ نے کہا ہم سب 10جون کو اس کی واپسی کے منتظر تھے۔ بہن بھائی خوشی خوشی اسکے استقبال کی تیاریاں کر رہے تھے۔ دوسری جانب حملہ آور طالب علم کے زیراستعمال ایک ڈائری سے معلوم ہوا ہے کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر اسکی ہمت نہ کر پایا۔ پاکستانی سفیر اعزازچودھری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ تمام معاملات کی نگرانی کر رہا ہے۔ امریکہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے اعداد و شمار جمع کرنیوالے امریکی مرکز گن وائلنس آرکائیو کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے74 واقعات ریکارڈ پر آئے۔دریں اثناسابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانتافے ٹیکساس کے سکول میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے معصوم طلبہ کی ہلاکتوں پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس واقعے میں پاکستانی بیٹی سبیکا عزیز کی ہلاکت پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبیکا عزیز سمیت تمام سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پاکستانی طالبہ سبیکہ کی میت پاکستانی قونصلیٹ نے وصول کر لی، کل پاکستان روانہ کی جائے گی۔سبیکا کے والد نے کہا کہ وہاں کی حکومت کو سنجیدگی سے ان بڑھتے ہوئے حادثات کا نوٹس لینا چاہئے۔
ٹیکساس / فائرنگ