پشاور(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کو ہدایت کی ہے وہ حویلیاں دم توڑ پل پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اسے دو رویہ کرنے کیلئے پہاڑی علاقوں کے اندر مناسب وسعت اور پختگی برقرار رکھیں۔وہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے براستہ کمراٹ دیر روڈ، ایبٹ آباد ،بائی پاس روڈ ،حویلیاں ، دم توڑ ،ایوب پل ہزارہ اور کالام میں انفراسٹرکچرل ترقیاتی پراجیکٹس سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو صوبے میں سڑکوں کے مختلف منصوبوں ، رابطہ سڑکوں اور موٹر وے ایبٹ آباد بائی پاسکے بارے میں بتایا گیا جبکہ ایف ڈبلیو او کے شروع کردہ صوبائی حکومت کے پراجیکٹس اور فنڈز سے موثر اور بروقت استفادہ کرنے سے متعلق امور کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کو ہدایت کی کہ وہ مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے صوبے کے مستقبل کیلئے مختلف علاقوں کو سیاحتی خطوط پرکھولنے اور سڑکوں کو توسیع دینے کے اقدامات کریں جس پر ایف ڈبلیو او نے اجلاس کو یقین دلایا کہ وہ پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مزید اقدامات کریں گے۔اور ایبٹ آباد و دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر کام مزید تیز کر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے سیاحتی خطوط پر ان علاقوں میں سیاحت کی ترقی اور روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہو گا جن سے صوبائی خزانہ میں باقاعدگی سے مالیاتی شراکت میں بھی بڑھوتری آئے گی جبکہ یہ منصوبے ان علاقوں میں مقامی طور پر اقتصادی سرگرمیوں میں توسیع کا باعث بنیں گے۔