سیالکوٹ(نامہ نگار)سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ورکنگ باؤنڈری پر واقع آبادیوں کیلئے ضلع سیالکوٹ میں 5ریلیف کیمپ لگا دیئے گئے ہیں جہاں پر متاثرین کیلئے قیام، کھانے پینے سہولیات اور ایمرجینسی ریسکیو سروسز کے علاوہ جانوروں کے ونڈاکی فراہمی کے علاوہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک نے بھی اپنے کاؤنٹرز قائم کرکے متعلقہ ملازمین کی ہنگامی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے چپراڑ اور چارواہ سیکٹر میں متاترین کیلئے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کے دورہ کے دوران بتائی۔ اے ڈی سی جنرل میثم عباس، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس اور اے سی پسرور عمر شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں انتظامیہ بہادر شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے ان کے مصائب اور مسائل میں کمی کرنے کیلئے ریلیف کیمپس میں ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کی شہادت ایک بڑا نقصان ہے جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے ۔ انہوں نے زخمیوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل سیالکوٹ اور پسرور کے اسسٹنٹ کمشنر ز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں جہاں سے شہریوں کو ریسکیو آپریشن اور بحالی کے کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جارہی ہے ۔ دریں اثناء ڈی سی اور ڈی پی او کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سیالکوٹ کینٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی شدید زخمیوں میں 75ہزاراور معمولی زخمیوںمیں25ہزار روپے فی کس امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ورکنگ بائونڈری کے دیہات میں کیمپ لگا کر متاثرین کیلئے سہولتوں کا انتظام کر دیا: فرخ نوید
May 20, 2018