مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیلی فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اردن کی سرحد سے متصل علاقے میں نئی دفاعی باڑ کا کام مکمل کرلیا ہے۔ یہ دفاعی باڑ اگرچہ ایلات کے علاقے میں قائم کردہ رامون ہوائی اڈے کے گرد بنائی گئی ہے مگر اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ باڑ صہیونی ریاست کو میزائل حملوں سے بچانے میں بھی مدد کرے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بیان میں بتایا کہ ملک کی مشرقی سرحد یعنی اردن کی سرحد پر دفاعی باڑ کی تعمیر مکمل کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی پڑوسی ملکوں کے ساتھ نسبتا پرامن سمجھی جانے والی سرحد اردن ہی سے متصل ہے۔ اس باڑ اور اس کے اندر رامون ہوائی اڈے پر چند سال قبل اسرائیل نے کام شروع کیا تھا۔ یہ ہوائی اڈا وادی تمناع کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے۔بعض مقامات پر یہ دفاعی باڑ 26 میٹر سطح زمین سے اونچی ہے۔ اس میں جدید ترین مواصلاتی آلات، راڈر اور کیمرے نصب ہیں جو سرحد پار سے کسی بھی قسم کے خطرے کے بارے میں آگاہی میں مدد کریں گے۔ اسرائیلی فوج کی انجینیرنگ کور کی زیر نگرانی بنائے جانے والی اس باڑ پر 17 ملین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
اسرائیل نے اردنی سرحد پرمیزائل حملوں سے بچائو میں مددگار باڑ مکمل کرلی
May 20, 2018