کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے تین نام فائنل کر لیے سابق الیکشن کمشنر سندھ سونو خان بلوچ کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی اور سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن بھی نگران وزیراعلیٰ سندھ کی لسٹ میں شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان ناموں کی منظوری دے دی ہے جبکہ نگران وزیراعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان اپوزیشن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی گذ شتہ انتخابات کے موقع پر بھی نگران وزیراعلیٰ سندھ رہ چکے ہیں۔ سونو خان بلوچ الیکشن کمشنر سندھ اور بلوچستان رہ چکے ہیں جبکہ فضل الرحمن چیف سیکرٹری سندھ رہ چکے ہیں نجی ٹی وی کے مطابق سونو خان بلوچ نگران وزیراعلیٰ سندھ کے لیے فیورٹ امیدوار ہیں۔پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا جھکائو سونو خان بلوچ کی جانب سے ہے۔ مسلم لیگ فنگشنل کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے جسٹس(ر) سید غوث علی شاہ کا نام دیاگیا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے تاحال نگران وزیراعلیٰ سندھ کے لیے کوئی نام نہیں دیا گیا ۔واضح رہے کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ اوراپوزیشن لیڈر کے نام پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے تو پھر نگران وزیر سندھ کے نام کا فیصلہ الیکشن کمشن آف پاکستان کرے گا۔
سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے تین نام شارٹ لسٹ ، سونوخان بلوچ فیورٹ
May 20, 2018