لاہور (نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں گزشتہ روز گرجا گھروں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔لاہور شہر میں تمام ایس پیزاور ڈی ایس پیز گرجا گھروں کی سکیورٹی کو خود چیک کر تے رہے ،شہر کے داخلی وخارجی راستوں پرسکیورٹی ہائی الرٹ رہی، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکارگرجا گھروں کے گرد ونواح میں پٹرولنگ کرتے رہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو گر جا گھروں کو فول پر وف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ مسیحی برادری بڑی تعداد میں اتوار کو مذہبی عبادات کیلئے گرجا گھروں کا رُخ کرتی ہے، جس وجہ سے لاہور پولیس کی جانب سے تمام گرجا گھروں کی سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی۔