لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ بالخصوص عورتوں اور بچوں کے حقوق کا تحفظ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیفارم کا تقدس پامال کرنے والے اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے بدعنوان اور بد کردار اہلکاروں کے خلاف بغیر کسی رعایت کے سخت قانونی اور محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔انہوں نے سی پی او راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات اپنی نگرانی میں کروائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو نوکری سے برخاستگی سمیت سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے انہیں دوسروں کی لئے عبرت کی مثال بنا دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر پی او راولپنڈی،کیپٹن (ر) احسان طفیل اور سی پی او راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل راناکو گزشتہ روز راولپنڈی میں پولیس ا ہلکاروں کی جانب سے خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے لڑکی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا تھا اور اب ان اہلکاروں کے خلاف مزید قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔