سری نگر (کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید 5 نوجوانوں کو سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آزادی کے حق اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ ضلع میں شہدا کی یاد میں اتوار کو مکمل ہڑتال رہی۔ جبکہ سوپور میں انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئیں۔ اس دوران ریل سروس بھی معطل کر دی گئی۔ شوپیاں اور پلوامہ میں تین روز کے دوران 9 نوجوان شہید ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے پنجگام کا محاصرہ کر کے گولہ باری شروع کر دی تھی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گائوں میں اس قدر خوف و دہشت کا عالم تھا کہ کسی بھی گھر میں سحری نہیں کھائی جا سکی اور نہ فجر کی نماز کسی بھی مسجد میں ادا ہوئی ۔ اس دوران علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ نے بھارتی فوجی آپریشنوں میں شہریوں کے قتل ، مار دھاڑ اور گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام رکوایا جائے۔ اجلاس میں اقوامِ متحدہ سے مطالہ کیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنی آئینی ذمہداریوں کو نبھائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا روئے زمین پر اس وقت کسی بھی ملک یا خطے میں اس قدر پامالیوں اور ظلم و جبر کا سامنا نہیں ہے جتنا کہ ریاستی عوام کو ہے۔ حریت چیئرمین نے ریاست جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی گھمبیر قراردیتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو آپریشن آل آئوٹ کے تحت بدترین قسم کے جنگی جرائم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھدرواہ میں بھارتی انتہا پسندوں کے ہاتھوں 50 سالہ مسلمان شہری نعیم شاہ کی شہادت کے بعد اتوار کو بھی قصبہ میں کرفیو نافذ رہا۔
مقبوضہ کشمیر: 5 شہدا سپردخاک، مکمل، ہڑتال، مظاہرے، جھڑپیں، انٹرنیٹ، ریل سروس معطل
May 20, 2019