وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، امن و امان اورسکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے اور  پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی اور میں پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔  

ای پیپر دی نیشن