معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 70 سال سے قائم اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہوگا ، ہم پاکستان کی مضبوطی کیلئے کوشاں ہیں ، نا اہل سیاستدان پاکستان میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں، ان کا اصل مقصد ووٹ کو عزت دینے کی بجائے کرپشن کو تحفظ اور عزت دینا ہے، ووٹ کی عزت یہ ہے کہ عوام نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران کے دل کے قریب ہیں ، ہمیں 70 سالہ گلے سڑھے نظام سے نجات حاصل کرنے کیلئے سٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہوگا ، نئے ڈیم کی تعمیر وزیراعظم کا عزم ہے ، توقع ہے کہ یہ خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا ، نادان دوست جس طرح پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں اس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہم پاکستان کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بعض نادان دوست عدم استحکام کیلئے کوشاں ہیں، افطار عبادت کا ایک ذریعہ سمجھا جاتا ہے ۔ گزشتہ روز عبادت کیلئے جن افراد کو اکٹھا ہونا تھا وہ نا اہل سیاستدان اللہ تعالی کی عبادت کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی عداوت کیلئے اکٹھے ہوئے، انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ یوتھ سمیت پورا پاکستان وزیراعظم عمران خان کیساتھ ہے۔ مولانا فضل الرحمن جو عالم دین ہونے کادعویٰ کرتے ہیں وہ ہمیشہ عبادت کے ساتھ سیاست اور عداوت دونوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں ۔ اتوار کو بھی انہوں نے عبادت کے ساتھ ساتھ عمران خان کے ساتھ عداوت کو لیڈ کرکے ثابت کردیا کہ وہ 1988 کے بعد پہلی دفعہ اسمبلی سے باہر ہیں وہ درد جو مہنگائی ، بیروزگاری اورموجودہ حالات کا سینے میں لے کر پھر رہے ہیں،یہ ظاہرہوگیا کہ وہ درد انہیں عوام اور ملک کا نہیں ،قومی مفاد کا نہیں، وہ صرف اور صرف اقتدار کا ہے۔ اقتدار سے دوری انہیں چین نہیں لینے دے رہی اس بے چینی کا اظہار وہ ہر جگہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عدالت سے نا اہل خاتون نے آج پارلیمنٹ میں میٹنگ کی صدارت کی ، عدالت کی سزا یافتہ خاتون کو پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بلانا عدالتی فیصلوں کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کوکچھ تجاویز دیں اس پر میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اس ملک کو آگے لے کر چلنے اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں اور موجودہ چیلنجز جس سے پاکستان گزررہا ہے ان سے نبردآزما ہونے میں جو بھی مثبت تجاویز خواہ کسی کی طرف سے بھی آئیں گی حکومت ان تجاویزپر عمل کرے گی ، مشاورت کرے گی اور عوام کے مفاد میں دی گئی ہر تجاویز کو خوش آمدید کہے گی ۔ مریم نواز نے آج ایک بیانیہ متعارف کروایا ہے کہ ووٹ کو عزت دو ، ہمیں سمجھ نہیں آرہی ان کا بیانیہ کیا ہے ، عوام جاننا چاہتی ہے آپ کی پارٹی کا بیانیہ کیا ہے۔ ایک شخص جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے اس کا ایک بیانیہ ہے اور دوسرا جو جیل میں بیٹھا ہے اس کا دوسرا بیانیہ ہے، انکا اصل مقصد ووٹ کو عزت دینا نہیں ہے بلکہ کرپشن کو عزت دینا ہے۔ عمران خان عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنا ہے اگر یہ عمران خان کو عزت نہیں دیتے تو پھریہ نوٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں۔
پاکستان میں 70 سال سے قائم اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہوگا : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
May 20, 2019 | 22:07