کراچی (نیوزرپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما)نے حکومت سندھ کی جانب سے جاری Covid 19 سے جاںبحق شخص کی لاش کی تدفین کے لئے نئے ایس او پیز (SOPs) جاری کرنے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ پیما نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور تدفین کے لئے پیچیدہ اور بوجھل ایس او پیز (SOPs)کا جائزہ لینے اور انہیں تبدیل کرنے پر حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سابقہ ایس او پیز متوفی کے لواحقین کے لئے اذیت ناک اور تکلیف دہ تھے اور اکثر لواحقین کو تشدد پہ اکساتے تھے ، نتیجتاً ہسپتال کے عملے کی جان خطرہ میں پڑجاتی تھی۔ طریقہ تدفین میں تبدیلی کی اس وقت بہت ضرورت تھی جو اب پوری ہوچکی ہے۔ پیما نے ان ایس او پیز(SOPs) کو نافذ کرنے کے لیے واقعتا بہت سخت محنت کی اور ہر ممکن دروازہ کھٹکھٹایا اور سرکاری افسران میں لاشوں کی آخری رسومات کے لئے گذشتہ پیچیدہ ایس او پیز (SOPs) کے بارے میں آگاہی پیدا کی۔ پیما اب عوام سے بھی اپیل کر تی ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے اگر کوئی اپنے عزیز کو کھو دے تو وہ کسی بھی غیر ضروری رد عمل سے باز رہیں۔ نئے ایس او پیز انکی شکایات کو دور کریں گے اور وہ اپنے پیاروں کی آخری رسومات شعائر اسلامی کے عین مطابق ادا کر سکے گے۔