لاک ڈاؤن کی طوالت کورونا سے زیادہ نقصاندہ ہوگی،مفتی محمد نعیم

کراچی (نیوزرپورٹر) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کہا کہ شب قدر ہزار راتوں سے افضل انسانیت پر اللہ تعالی کا عظیم انعام ہے,، رمضان کے آخری عشرے میں شب قدر کی تلاش ، شب بیداری اور کثرت سے عبادت کرنی چاہیے،اس مبارک رات کی قدردانی علامت ایمان اور سعادت کی نشانی ہے ، خوش قسمت لوگ وہ ہیں جن کو شب قدر نصیب ہو اور وہ عبادات سے اس کا حق ادا کریں، اعتکاف میں بیٹھنے والے خوش قسمت لوگ ہیں جن کیلئے اللہ تعالی نے دھرا اجر رکھ دیا ہے۔گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ائمہ مساجدکے ایک اجلاس سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ کورونا کا لاک ڈاؤن بڑھتا ہی جارہاہے جہاں غریب کا جینا مشکل ہوگیا ہے وہی پر اہل مدارس اور مساجد بھی مشکلات سے دوچار ہیں ایسے میں ویکسین کی دریافت تک لاک ڈاون کو برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے ، بہتر یہ ہے کہ اب لاک ڈاون ختم کیاجائے اور عوام کو احتیاطی تدابیر کی آگہی فراہم کی جائے اور مساجد میں بھرپور نمازیوں کا اہتمام کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اعتکاف میں بیٹھے لوگ انتہائی خوش قسمت اور اللہ کے ہاں دھرے اجر کے مستحق ہیں کہ اللہ تعالی نے انہیں اپنا مہمان بنایا ہے ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ وقت کی قدر کرتے ہوئے اللہ تعالی کی اس میزبانی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ عبادات پر توجہ دیں۔

ای پیپر دی نیشن