حکومت ایکسپوز‘ ہر شعبہ میں ناکام‘ صبح شام اجلاس مگر نتیجہ نہیں نکلتا: رانا تنویر حسین

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت 20،21ماہ کے دوران عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئی ہے ہر شعبہ میں ناکام ہو گئی ہے۔ اس حکومت کا سب سے بڑا’’ کارنامہ‘‘ صبح شام اجلاس منعقد کرنا ہے جن کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا ۔عمران خان نے ’’بھاشن‘‘ کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا حتیٰ کہ وزیر اعظم کورونا وائرس پر پوری قوم کو اکھٹا نہیں کر سکے پوری قوم کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جب کہ حکومت اپوزیشن سے جنگ لڑ رہی ہے۔ عمران خان اور ان کے حواریوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سمیت اپوزیشن کے تمام سرکردہ رہنمائوں کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان میاں شہباز شریف کی پاکستان میں موجودگی سے خوفزدہ دکھائی دیتے ہیں۔ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے والی حکومتیں زیادہ دیر قائم نہیں رہتیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کو نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہو کہی۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی کرونا کی صورت حال بہتر ہوگی پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس بلا لیا جائے گا۔ کرونا وائرس پر سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی بنائی جس کے اجلاس میں وزیر اعظم بیٹھنا گوارا نہیں کرتے۔ حتیٰ کہ وزیر اعظم نے پارلیمان کے کسی ایوان کے ایک اجلاس میں شرکت کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ بدقسمتی سے وزیر اعظم پچھلے دو ماہ سے ’’لاک ڈائون‘‘ کے خلاف لیکچر دے رہے ہیں۔ وہ رات کو لاک ڈائون کے خلاف لیکچر دیتے ہیں اگلے روز صوبے لاک ڈائون کر دیتے ہیں۔ وفاق اور صوبے ایک’’صفحہ ‘‘ پر نہیں۔ ایک وزیر کو ٹرینیں چلانے کی جلدی ہے۔ اپنے ہاتھ میں آئے 24کروڑ روپے کی فکر لاحق ہے لیکن اسے لوگوں کی زندگیوں سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ٹائیگرفورس کے ذریعے پاکستان کے عوام کے وسائل کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے لیکن تاحال زمین پر 10لاکھ ٹائیگرز میں سے کوئی نظر نہیں آیا۔

ای پیپر دی نیشن