حکومت شب قدر کویوم پاکستان کے طور پر منانے کا اہتمام کرے : طاہر عباس

May 20, 2020

راولپنڈی ( پ ر ) الھادی ویلفئیر اینڈ یوتھ فورم کے عہدیداران مرکزی چیئرمین طاہر عباس کے ہمراہ آج جڑواں شہروں کے اپنا گھر ( یتیم خانوں ) کے بچوں کے ساتھ افطار ڈنر کریں گے ۔ ترجمان فورم فیصل نعیم صادق کے مطابق انجمن فیض السلام اور بہشت مصطفیٰ جی ایٹ کے نونہالوں کی افطاری یوم دعا اور پاکستان سے منسوب کر دی گئی ہے ۔ بحریہ ٹائون ، ڈی ایچ اے اور کمرشل مارکیٹ میں افطار دستر خوان کے موقع پر ایگزیکٹو ممبران محمد عرفان ، وقار رشید، ذوالقرنین شہانی ،سید ضامن حسین، حافظ نفیس احمد ، کمیل نقوی، عاصم اسماعیل، مہتاب حیدر ، محمد دانش اور امان اللہ خان سے گفتگو میں مرکزی چیئرمین طاہر عباس نے کہا کہ اللہ کریم نے برصغیر کے مسلمانوں کو چودہ اگست 1947اور شب قدر کے انمول لمحات میں پاکستان کا عدیم المثال تحفہ عنائت کیا، اس تاریخ ساز حوالے اور نسبت سے شب قدر کو بھی یوم پاکستان کے طور پر منانا ضروری ہے ۔ چیئرمین الھادی ویلفئیر اینڈ یوتھ فورم نے صدر ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اوروفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی سطح پر رمضان کریم کی 27ویں شب کو یوم پاکستان کے طور پر منانے کا اہتمام کریں ۔ شب قدر کی مبارک ساعتوں میں نئی نسل کو بتایا جائے کہ ہمارے بذرگوں نے آزاد وطن کے حصول میں مشکلات کے کتنے دریا عبور کئے۔ طاہر عباس نے ماہ صیام کے آخری دنوں میں نونہالوں کو دعائوں میں شامل رکھنے کی بھی اپیل کی۔

مزیدخبریں