بلوچستان : بارودی سرنگ دھماکہ، فائرنگ ،7جوان شہید

May 20, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+وقائع نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر) بلوچستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے نائب صوبیدار سمیت سات جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کا پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مچھ کے علاقے پیر غائب میں پٹرولنگ پر مامور گاڑی بیس کیمپ واپس جاتے ہوئے ایک آئی ای ڈی (بارودی سرنگ) سے ٹکرا گئی۔ واقعے میں جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت چھ جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، مولا بخش، نور محمد، گاڑی کا سویلین ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔ دہشت گردی کا دوسرا واقعہ کیچ کے علاقے میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلہ کے دوران سپاہی امداد علی نے جام شہادت نوش کیا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے مچھ اور کیچ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت چھ جوانوں اور ایک ڈرائیور کی شہادت پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ اللہ تعالی شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی درجات سے سرفراز فرمائے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اور شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سپاہی قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی بھی شکل اور نام پر ہو قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت، سکیورٹی اداروں، عوام اور پارلیمان کا عزم غیر متزلز ل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ان بہادر سپوتوں پر ہمیں فخر ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گرد تخریبی کارروائیوں سے پاکستان میں ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔ ڈپٹی چئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی دہشت گردی کے ان واقعات کی سخت مذمت کی ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں شہید اور زخمی جوانوں کو خراج تحسین کرتا ہوں۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے ایک تعزیتی بیان میں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کا فخر، سرمایہ اور ماتھے کا جھومر ہیں، جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مزیدخبریں