بابر اعظم کے بعد شعیب اختر رضوان کے پیچھے پڑگئے

May 20, 2021

 لاہور(یواین پی)بابراعظم کے بعد شعیب اختر اب محمد رضوان کے پیچھے پڑگئے۔ماضی میں شعیب اختر نے بابر اعظم کے بارے میں کئی متنازع بیانات دیے تھے، اب ایک اور کامیاب کرکٹر محمد رضوان ان کے ریڈار میں آ گئے۔ایک انٹرویو میں سابق پیسر نے کہاکہ ایک سیریز جاری تھی اس لیے تنقید کرنا مناسب نہیں سمجھا، ہم قومی ٹیم کو اس لیے سپورٹ کرتے ہیں کہ مینجمنٹ درست فیصلے کرسکے،اب سیریز ختم ہوگئی تو میں یہ چیخ چیخ کرکہہ رہا ہوں کہ اس انداز کی کرکٹ مت کھیلو،یہ قابل قبول نہیں ہے، اگر اسی طرح کی سوچ کے ساتھ کھیلتے رہے تو ناکام ہونا شروع ہوجائوگے، آپ کو اندازہ ہی نہیں کہ محمد رضوان کے حوالے سے کیا کرنا ہے،وکٹ کیپر بیٹسمین کو خود بھی سوچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی کے چچا کی ٹیم نہیں ہے کہ ہر فارمیٹ میں اننگز کا آغاز کرنے کا موقع مل جائے، ہر طرز کی کرکٹ میں دیے جانے والے کردار سے انصاف کرنا ہوگا،جب تک آپ جیت رہے ہیں کوئی بات نہیں کرے گا کہ کون کہاں سے آرہا ہے، ہر کھلاڑی کو ٹیم کی ضرورت اور جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق پرفارم کرنا ہوگا،اگر کوئی ایسا نہیں کرتا تو باہر جانے کا راستہ کھلا ہے، ایسے کسی پلیئرکے ساتھ بدسلوکی کرنے کی ضرورت نہیں بس اسے منتخب نہ کریں۔سابق پیسر نے کہا کہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کی پسماندہ سوچ کا نوٹس لینا چاہیے،وہ اپنے انداز کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں،مینجمنٹ کو اس حوالے سے ایک واضح پیغام دینا چاہیے،انھیں آگاہ کرنا چاہیے کہ کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے،ٹیسٹ کرکٹ میں کس رن ریٹ کے ساتھ کھیلنا، کپتان اور ٹیم کوکیا کرنا ہے،ٹیلنٹ کا انتخاب اور اس کو درست کردار دینا دونوں یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔

مزیدخبریں