اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ فلسطین ایشو پر ملک کی قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپوزیشن کو بھی مشورہ دیا ہے کہ و ہ نان ایشوز پر دست و گریبان ہونے کی بجائے غزہ کی صورتحال کا ادراک کرے اور متحد ہو کر اس ضمن میں کردار ادا کرے ۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے نائب امرا ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا اور صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری اورشاہد شمسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ فلسطین امت مسلمہ کے لیے رگ جان کی حیثیت رکھتاہے ۔ غزہ میں لاکھوں مسلمان گزشتہ دس روز سے محصور ہیں مگر دنیا بھر کی مسلم قیادت محض زبانی جمع خرچ اور بیان بازی سے کام لے رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف جاندار موقف اپنانا چاہیے اور صیہونی جارحیت کو روکنے اور آزاد فلسطین کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیے ۔