ہلالِ احمر کا فلسطینیوں کیلئے امداد کا اعلان، ادویات سمیت کھیپ بھیجی جائیگی، ابرارالحق 

May 20, 2021

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر ہلالِ احمر پاکستان نے فلسطینی متاثرین کی بھرپور امداد کیلئے ادویات طبّی آلات اور غیر خوراکی اشیاء کی کھیپ بھیجنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ امدادی سامان کے علاوہ ریلیف ٹیم بھی بھیجی جائے گی جو متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کرے گی۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہلال ِاحمر کے چیئرمین جناب ابرارالحق نے کہا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس، موومنٹ پارٹنرز، فلسطینی ہلال ِاحمر اور حکومتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں جوں ہی گرین سگنل ملا امدادی اشیاء روانہ کردی جائیں گی۔ ابرارالحق کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی ہے کہ فلسطینی متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں یہ ہلالِ احمر کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے عربی زبان پر عبور اورہیلتھ کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہلالِ احمر کی ھیلپ لائن 1030 پر کال کرے خود کوبطور ہلال ِاحمر رضاکار رجسٹرڈ کرائیں۔

مزیدخبریں