اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار، سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید، سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ڈیمپ عمرانہ وزیر اور ایف بی آر کے حکام بھی موجود تھے۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین جرجیس سیجا کر رہے تھے جبکہ دیگر ارکان میں شیخ امجد رشید، سنتیش آنند، چوہدری کامران، فضا علی مرزا، عرفان ملک اور بدر اقبال بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران طویل عرصے سے التوائ کا شکار فلم پالیسی کو حتمی شکل دی گئی۔ فلمی صنعت کی بحالی کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں شعبہ فلم کی ترقی اور بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت پاکستانی فلموں کی ایکسپورٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کیلئے پر عزم ہے، اس ضمن میں سعودی عرب اور چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک سودمند ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کے حوالے سے فلم پروڈیوسرز اپنی ایسوسی ایشن میں دو فوکل گروپ تشکیل دیں، ایک فوکل گروپ خلیجی ممالک جبکہ دوسرا چین پر توجہ مرکوز کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلمیں تفریح کا مقبول ذریعہ ہونے کے علاوہ تعلیم اور شعور بیدار کرنے کا بھی موثر ابلاغی فن مانی جاتی ہیں۔ ہم نے فلمی صنعت کی تنزلی کو ترقی کے سفر میں بدلنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مثبت سوچ و رحجانات، روشن خیالات کی ترویج اور عدم برداشت کے خاتمے کیلئے فعال فلمی صنعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فلمیں ملکی ثقافت، تاریخ، اقدار، ورثے اور سکرین ٹورازم اجاگر کرنے کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے سافٹ امیج اور روشن تشخص کو دنیا بھر میں فروغ دینا ہے۔ فلمی صنعت کو بھی دیگر شعبوں کی طرح ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین تخلیق ٹیکنالوجی کے امتزاج اور اچھے مواد پر توجہ دینا ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت فلمی صنعت کی ترویج کیلئے ٹیکس مراعات اور این او سیز کی منظوری کے عمل کو سہل بنانے سمیت دیگر اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوان فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
وزیر اطلاعات سے فلم پروڈیوسرز کی ملاقات، فلم پالیسی کو حتمی شکل دیدی گئی
May 20, 2021