لاہور(نامہ نگار)لاہورپولیس نے رواں سال اب تک منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث 3573 ملزمان گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں ان کے خلاف3496 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 45 من سے زائد چرس، 24 کلو 930 گرام ہیروئن،17کلوگرام افیون، 2 کلو 901 گرام آئس اور شراب کی 41 ہزار 900 سے زائد بوتلیں برآمد کر لی ہیں۔اسی طرح گذشتہ ساڑھے چار ماہ میں قمار بازی کیخلاف 427 مقدمات درج کئے گئے۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومت کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے لاہور پولیس متعلقہ اداروں کے اشتراک سے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔تمام پولیس افسروں کو شہر کے مختلف علاقوں،تعلیمی اداروں کے اطراف میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کیخلاف انٹیلی جینس بیسڈ کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔افسر منشیات فروشوں کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ باقاعدگی سے سی سی پی او لاہور کو پیش کریں گے۔مزید براں لاہور پولیس کا گٹکا فروشوں اور کینال روڈ پر ڈیرہ جمانے والے نشئیوں کے خلاف بھی ایکشن جاری ہے۔غلام محمود ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ منشیات فروشوں اور سپلائرز کے پورے نیٹ ورک پر ہاتھ ڈالا جائے اور سپلائی لائن کاٹنے کیلئے اینٹی نارکاٹکس فورس سمیت متعلقہ اداروں کی مشاورت و معاونت سے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں جائیں۔