لاہور(نامہ نگار) صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس فورس کو کرونا ویکسینیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اب تک مجموعی طور پر چالیس برس سے زائد العمر21633 پولیس افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے۔جن میں 50سے 60برس کے14679افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ 40 سے 50 برس کے6954افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ باقی رہ جانے والے سٹاف کی ویکسینیشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور تمام اضلاع میں ضلعی پولیس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری ، انویسٹی گیشن پنجاب ، سپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی ، ٹریفک ، ایس پی یو ، پی ایچ پی سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنزمیں بھی افسر واہلکاروں کو کرونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس لائنزقلعہ گجرسنگھ میں قائم ویکسینیشن سنٹر میں بھی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔