اسلام آباد/ شیخوپورہ (وقائع نگار+ نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے لاہور میں پھلوں کے باغات اور فیملی قبرستان وغیرہ کی ضبطگی اور زمین کی نیلامی کے خلاف دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ درخواست گزاروں کے پاس متبادل فورم موجود ہیں۔ وہ نیلامی کے عمل کو رکوانے کے لئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور بھارتی عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پراپرٹی دوسرے ضلع میں ہے تو فیصلہ وہاں کے سیشن کورٹ کرے گی۔ کل شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی کی کل نیلامی ہو رہی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگر کل نیلامی ہورہی ہے تو آپ نے دیر سے درخواست کیوں دائر کی؟ جس پر وکیل نے کہا کہ عید کی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگر آپ سول سوٹ میں جا سکتے ہیں تو آپ وہاں کیوں نہیں جاتے؟۔ دوسری جانب ترجمان ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے حکم پر میاں محمد نواز شریف کی موضع فیروزوٹواں تحصیل و ضلع شیخوپورہ میں واقع 88 کنال 4.5 مرلہ زمین کی نیلامی آج 20 مئی جمعرات صبح 10 بجے میونسپل کارپوریشن حال میں کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ رقبہ ہذا مختلف 3 کھیوٹ ہائے میں واقع ہے۔ لہذا بولی مکمل رقبہ 88 کنال 4 مرلہ کی یکمشت ہوگی اور نیلامی کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اخبار میں اشتہار بھی شائع کروایا جا چکا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیڈول ریٹ کے مطابق فی ایکڑ جگہ کی مالیت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
جائیداد ضبطی کے خلاف درخواستیں مسترد‘ نواز شریف کی پراپرٹی کی نیلامی آج
May 20, 2021