کل یوم یکجہتی فلسطین منائینگے، حکومتی پالیسیوں سے قرضے بڑھے: شہباز شریف

May 20, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اورپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، محترمہ سعدیہ عباسی،  شیخ فیاض، راؤ اجمل، ملک رشید، ریاض الحق اور عطاء اللہ تارڑ شامل تھے۔   سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ پارٹی صدر شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے حوصلے، ہمت اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے مثالی اتحاد، نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے نے پارٹی اور قوم کو سربلند کیا۔ آپ سب ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہر حالات کا جرات سے سامنا کیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ ملک و قوم مہنگائی اور معاشی دلدل میں مسلسل دھنستے جارہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا ہر دن ملک پر بدترین قرض میں اضافہ اور معیشت کی سانسیں بند کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج فلسطین کے نہتے اور بے گناہ عوام امت مسلمہ کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ جمعہ کے دن پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنان ملک بھر میں عوام کے ساتھ مل کر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کریں۔ انہوںنے ضمنی انتخاب میں شاندار مقابلے اور کارکردگی پر مفتاح اسماعیل، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو شاباش دی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی خاص طور پر بلدیہ کے عوام کے نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بلدیہ کے عوام کو پانی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے پاکستانیوں، امت مسلمہ اور مسلم لیگ (ن) کے فلسطین پر جذبات کی بھرپور ترجمانی کرنے پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں