کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل 2رکنی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر عدالت وفاقی سیکرٹری داخلہ پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کو گرفتار کرکے 27 مئی کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کئی بار حکم نامہ جاری کیا کہ لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جائے۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ مسلسل عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا سب پر لازم ہے۔ شہری کئی برسوں سے لاپتہ ہیں اور وفاقی سیکرٹری کو کوئی پرواہ نہیں۔