اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اہم ترجیحات میں آبی ذخائر کی تعمیر اور پن بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔ مہمند ڈیم منصوبہ مکمل ہونے سے800 میگاواٹ پن بجلی، 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا۔ جس سے 17 ہزار ایکڑ زمین قابل کاشت ہو سکے گی۔ منصوبہ پر کام نومبر 2025ء میں مکمل ہوگا۔ بدھ کو وزیراعظم کے دورہ مہمند ڈیم کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم سائٹ کادورہ کیا۔ وہاں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شاہی بالا ریگی للمہ میں لیبر کمپلیکس فیز 1 مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت نے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی ہے۔ 5.09 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 2056 اپارٹمنٹس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا۔