اسرائیلی جارحیت: لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے، ریلیاں

لاہور+ اسلام آباد+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ کامرس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف بدھ کے روز بھی لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر صہیونی پرچم نذر آتش کئے گئے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں سے مسئلہ پر فوری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جبکہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل نے کل ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق مصطفائی تحریک لاہورنے صدر رانا نعمان افضل کی قیادت میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی بربریت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی داتا دربار سے شروع ہوکر مال روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ صدر رانا نعمان افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کی بیت المقدس کی آزادی کے لیے کوششیں ناگزیر ہیں۔ او آئی سی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ فلسطین کو مذمتی قراردادوں سے زیادہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ احتجاجی مظاہرہ کے موقع پر اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ دریں اثناء مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام تاریخی عالمیگری بادشاہی مسجد لاہور میں فلسطین کے غیور مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کل جمعۃ المبارک  ٹھیک دو بجے بعد نماز جمعہ ہوگا جس کی قیادت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور کریں گے۔ اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق  پاکستان بار کونسل‘ سپریم کورٹ بار کونسل کی جانب سے کل یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا گیا۔  پاکستان بار کونسل نے  فلسطین، غزہ میں اسرائیلی حملوں کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں کل 21 مئی  کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ہے۔ پاکستان بار کونسل سے جاری اعلامیے میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوشدل خان کی جانب سے  اسرائیلی  بمباری، حملوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں  کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی محمد فہیم ولی  کیساتھ  مشترکہ بیان میں کہا گیا  غزہ میں  بے گناہ مسلمانوں کے قتل کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ مزید کہا گیا  پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  کل21 مئی  جمعہ کو  ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ  کرے گی۔ گیارہ بجے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے  باہر مظاہرہ کیا جائے گا۔ تمام صوبائی بار کونسلز  کو ضلعی سطح پر فلسطینی بھائیوں کے حق میں احتجاج کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ کامرس رپورٹر کے مطابق پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورز ی اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلنا چاہیے۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس صدر آفتاب حسین ناگرہ کی صدارت میں  ہوا جس میں تمام عہدیداروں اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آفتاب حسین ناگرہ نے  کہا کہ  عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت پر خاموشی قابل مذمت ہے۔ سیکرٹری پاکستان ٹیکس بار فرحان شہزاد نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر  کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ مزید برآں کالجز‘ یونیورسٹیز کے طلباء نے گوجرانوالہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اسرائیل کیخلاف نعرے لگا رہے تھے اور فلسطین کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کیخلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی آئی 8 سے ڈی چوک تک نکالی گئی۔ لاہور میں پریس کلب کے باہر فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی اور طلباء نے کثیر تعداد  میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ اقوام متحدہ فلسطین میں مظالم بند کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں پریس کلب کراچی پر سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے تحت اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ سول سوسائٹی کے تحت فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ پریس کلب کے باہر مظاہرے میں بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور اسرائیل کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے میں فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے میں ادکار فیصل قریشی‘ اداکارہ ماہرہ خان  سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...