گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے ماسٹرسٹی ہاسنگ سکیم گوجرانوالہ کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ احمد بن مقصود سے گورنر ہاس میں ایک ملاقات کے دوران کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اوربچوں وخواتین سمیت نہتے شہریوں کی شہادت پر اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی بے بسی نے ثابت کردیاہے کہ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ فلسطین کو اسرائیل کے قبضہ سے ہمیشہ کیلئے آزاد کرانے کیلئے عالم اسلام اورعالمی طاقتیں مشترکہ جدوجہد کریں۔ اس موقع پر شیخ احمد بن مقصود نے کہاکہ 58سال سے فلسطینی عوام اسرائیلی قبضہ کے خلاف برسرپیکار اورصیہونی ریاست کے ظلم وستم کا شکارہیں اوراگر امریکہ ، یورپی یونین، اقوام متحدہ وغیرہ نے اب بھی اس ناجائز قبضہ کے خلاف کوئی کردار ادا نہ کیا تو عالمی امن کو لاحق خطرات کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ ایم ڈی ماسٹرسٹی نے گورنرپنجاب کو ماسٹرسٹی گوجرانوالہ کے دورہ کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد ہی ماسٹر سٹی کادورہ کرکے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔