لاہور( این این آئی) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو نگراں حکومت کے حوالے نہیں کرسکتے،ہمارے پاس دو راستے ہیں حکومت میں رہ کر مشکل فیصلے کریں یا حکومت چھوڑکر عوام کے پاس چلے جائیں،اس حق میں ہوں کہ صدر اور گورنر رہیں اورآئینی ذمہ داری پوری کریں۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ حکومتی اتحاد کا فیصلہ ہے کہ مدت پوری کرنی چاہیے، ان حالات میں ملک کو نگراں سیٹ اپ کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ہم کڑے امتحان سے گزر رہے ہیں، ملکی معیشت کیلئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ہوںگی لیکن کوشش کی جائے عوام پر بوجھ نہ پڑے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں47روپے اضافے کی ضرورت ہے مگر موٹرسائیکل والوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینی چاہیے۔