لاہور (سپورٹس ڈیسک) سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار عید مِلن پارٹی کا اہتمام کرنے پر آسٹریلین کمیونٹی نے کامل خان کا شکریہ ادا کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کامل خان کو اس شاندار عید مِلن پارٹی کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ کامل خان کی وجہ سے عیدالفطر کی اہمیت کے بارے میں جان رہے ہیں اور اسلام کے اس تہوار کو جس جوش اور ولولے سے دنیا بھر منایا جاتا ہے اسی طرح آسٹریلیا میں بھی منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامل خان نے ایس سی جی سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں عید مِلن پارٹی کا اہتمام کر کے پاکستانیوں اور امت مسلمہ کے سر فخر سے بلند کر دئیے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار یونس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا شکریہ جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان میں کرکٹ شائقین اور کھلاڑیوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔ سابق آسٹریلوی فاسٹ بائولر بریٹ لی کا کہنا تھا کہ کامل خان پچیس سال سے میرے دوست ہیں، عید مِلن پارٹی کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہوم آف کرکٹ لارڈز کے بعد سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں بھی اذان کی آواز گونج اٹھی۔ آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں سابق کپتان وقار یونس کے بھائی کامل خان نے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔ عید ملن پارٹی کے دوران نماز مغرب کے وقت اذان دے کر باجماعت نماز ادا کی گئی۔