اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورسیس ساجد طوری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں وزرا کے مابین محکمہ محنت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے 18ویں ترمیم کے بعد محکمہ محنت صوبوں کے ماتحت ہونے کے باوجود تاحال ورکر ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی مکمل طور پر صوبوں کے حوالے نہ کئے جانے پر صوبوں کے تحفظات کا اظہار کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ صوبہ سندھ نے ورکر ویلفیئر بورڈ سمیت دیگر لیبر کے قوانین بنا لیئے ہیں اور اب ہم تمام ذیلی محکموں کو ایک چھتری تلے لے جانے کے حوالے سے قانون سازی چاہتے ہیں تاہم ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی کی صوبوں کو سپردگی نہ کئے جانے کے باعث قانون سازی تعطل کا شکار ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد طوری نے صوبائی وزیر سعید غنی کو یقین دہانی کروائی کہ اس سلسلے میں جلد ہی تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔
صوبہ سندھ نے ورکر ویلفیئر بورڈ سمیت دیگر لیبر قوانین بنالئے: سعید غنی
May 20, 2022